
(24نیوز)وزارتِ ریلویز حکومتِ پاکستان اور حکومتِ خیبرپختونخوا کے درمیان صوبے میں ریلوے کے شعبے کی توسیع، جدید کاری اور سب اربن ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے ایک اہم فریم ورک معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور وفاقی وزیرِ ریلویز محمد حنیف عباسی کی موجودگی میں منعقد ہوئی،تقریب کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس شراکت داری کو صوبے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے عملی اقدامات کو تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
معاہدے کے تحت خیبرپختونخوا میں متعدد ریلوے منصوبوں کو مرحلہ وار فاسٹ ٹریک بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔
گریٹر پشاور سرکلر ریلوے: اس منصوبے کے تحت پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ کو جدید اور تیز رفتار ریلوے ٹریکس کے ذریعے آپس میں جوڑا جائے گا۔
نوشہرہ اور جہانگیرہ روٹ: اس روٹ کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہےجس کی فزیبلٹی سٹڈی کے لیے کنسلٹنسی کا ٹھیکہ 30 اگست تک ایوارڈ کر دیا جائے گا۔
پشاور ویلی ریلوے کے آئندہ مراحل: پشاور ویلی کے اگلے مراحل میں نوشہرہ، مردان اور درگئی کے درمیان ریلوے رابطہ قائم کیا جائے گا، جبکہ مردان، چارسدہ اور پشاور تا طورخم ریلوے لنکس کو بھی آئندہ کے مراحل میں شامل کیا جائے گا۔
تاریخی ورثے کی بحالی اور تکنیکی تعاون
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ فریم ورک معاہدے کے تحت وفاقی ریلوے موجودہ انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کو مکمل تکنیکی تعاون فراہم کرے گا،وفاقی حکومت کی موجودہ ریلوے سہولیات کو صوبے میں سب اربن ریلوے سروس کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں، خیبرپختونخوا حکومت صوبے کے تاریخی ریلوے سٹیشنز اور ورثے کی بحالی و تزئین و آرائش کی ذمہ داری سنبھالے گی، جس کے لیے رواں سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا موقف
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہاکہ یہ معاہدہ عوامی فلاح اور صوبے کی ترقی کا ایک بڑا ذریعہ بنے گا، جدید ریلوے رابطوں سے لاکھوں مسافروں، طلبہ، مزدوروں اور تاجروں کو سستی اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی جس سے تجارت، سیاحت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ماضی میں وفاق سے متعلق صوبائی شعبوں پر مطلوبہ توجہ نہیں دی گئی، تاہم اب وفاق اور صوبہ مل کر ان منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے وفاقی وزیر حنیف عباسی اور ان کی ٹیم کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت پشاور میں آؤٹر رنگ روڈ پر بھی کام کر رہی ہے اور رواں مالی سال صوبے میں امن اور ترقی کا سال ثابت ہو گا۔
وفاقی وزیرِ ریلویز محمد حنیف عباسی کا بیان
وفاقی وزیرِ ریلویز محمد حنیف عباسی نے صوبائی حکومت کے مثبت رویے اور تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ریلوے ایک ایسا قومی نیٹ ورک ہے جو تمام صوبوں کو آپس میں جوڑتا ہے،عوامی فلاح سیاسی و جغرافیائی حدود و قیود سے بالاتر ہے،یہ ایک منفرد کانسیپٹ ہے جس کے دیرپا نتائج سامنے آئیں گے اور ہم اس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو تیز رفتاری سے یقینی بنائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر دونوں حکومتوں کے حکام کو معاہدے کو حتمی شکل دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔






