
(24 نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمداسحاق ڈار نے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی ہے۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج لندن میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (IMO) کے سیکرٹری جنرل جناب آرسینیو ڈومنگیز (Arsenio Dominguez) سے ملاقات کی۔
انہوں نے آئی ایم او کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ وابستگی کا اعادہ کیا اور محفوظ، مؤثر اور قابلِ اعتماد بین الاقوامی بحری جہاز رانی کے لیے ایک اہم عالمی ضابطہ ساز ادارے کے طور پر اس کے کردار کو سراہا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے تیل بردار جہاز (Honour 25) پر قید 10 پاکستانی سی فیئررز کی محفوظ رہائی کے لیے جاری کوششوں میں تعاون پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا اور تمام ملاحوں کی جلد واپسی کے لیے فوری اور مؤثر ادارہ جاتی تعاون پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے بحری نظم و نسق کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی بحری معیارات پر عمل درآمد اور بلیو اکانومی کو مزید ترقی دینے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو اُجاگر کیا۔
دونوں فریقوں نے بحری حفاظت و سلامتی، ریگولیٹری اصلاحات اور پاکستان کے بحری شعبے کی ترقی کے لیے دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں :امریکی ایئر لائن کی فضائی میزبان ہوٹل کی 24ویں منزل سے گر کر ہلاک






