
(راؤ دلشاد )صوبائی اسمبلی پنجاب میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے کے خیر مقدم کی قرارداد منظور کر لی گئی،قرارداد چیف وہپ ن لیگ رانا محمد ارشد نے پیش کی۔
دفاعی معاہدہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان باہمی اعتماد سے طے پایا ہے، مشترکہ سلامتی، دفاعی تعاون اور علاقائی امن کے لیے اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیا گیا۔
قرارداد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم کو اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کی گئی۔
قرارداد میں سابق وزیراعظم اور صدر پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی سفارتی، سیاسی اور عملی کوششوں کو سراہا گیا۔
قرارداد کے متن کے مطابق معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ امن، استحکام، باہمی تعاون اور مشترکہ سلامتی کے لیے ہے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے، تاہم قومی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مضبوط دفاع ناگزیر ہے۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون دفاع کے ساتھ ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، صنعتی و دفاعی پیداوار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا،تینوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون پورے خطے میں امن اور خوشحالی کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔
قرارداد کے مطابق پاکستان برادر ممالک کے ساتھ مل کر امن، استحکام اور باہمی احترام کے اصولوں کو فروغ دیتا رہے گا، پاکستان اپنی سلامتی، خودمختاری اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
قرارداد میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی تاریخی شراکت داری کی کامیابی، مضبوطی اور پائیداری کے لیے دعا کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں سورس ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا جائزہ






