
(24نیوز) اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے اور 14 بچوں کی اموات پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) سینٹرل نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام ذمہ داران کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔
پی ایم اے سینٹرل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے کہا ہے کہ ملک بھر کے ہسپتالوں میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے، جبکہ کراچی کے متعدد ہسپتالوں میں بھی آگ بجھانے کے آلات اور دیگر حفاظتی اقدامات کے لیے مطلوبہ سہولتیں موجود نہیں۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ پمز ہسپتال کے افسوسناک واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
ڈاکٹر عبدالغفور شورو کا کہنا تھا کہ کسی بھی افسوسناک واقعے کے بعد انکوائری کمیٹیاں تشکیل دی جاتی ہیں، تاہم چند روز گزرنے کے بعد معاملہ بھلا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پمز ہسپتال میں بچوں کی اموات دھواں بھرنے اور دم گھٹنے سے ہوئیں:طارق فضل چودھری
سیکرٹری جنرل پی ایم اے سینٹرل نے ملک بھر میں کام کرنے والے ہیلتھ کیئر کمیشنز کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں کا باقاعدہ معائنہ کیا جائے اور وہاں آگ سے بچاؤ سمیت تمام حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔






