
(اویس کیانی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے ہیڈکوارٹر میں ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی، سائبر کرائم اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل نے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ امریکا پاکستان کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کو سراہتا ہے اور خطے میں امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے مشترکہ تعاون جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ایف بی آئی اور پاکستان کے درمیان دہشت گردی، دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام، سائبر تحقیقات، خصوصی تربیت، وسائل کی فراہمی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:اب کوئی نہیں بچے گا!سی ٹی او نے بڑا حکم جاری کر دیا
کاش پٹیل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور دونوں ممالک مستقبل میں انسدادِ دہشت گردی اور سکیورٹی کے شعبوں میں مزید کامیاب تعاون کے لیے پُرامید ہیں۔ ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔






