1

  امیر جماعت اسلامی کا لاہور میں طویل دھرنے کا عندیہ

(24 نیوز ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے اگر کسی نے ہمیں دھرنے سے اٹھانے کی کوشش کی تو وہ اپنا شوق پورا کرلے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا دھرنوں اور احتجاج کی صورت میں تاریخی جدوجہد پورے ملک میں شروع ہو گئی ہے، سیکڑوں مقامات پر دھرنے سے بیداری و شعور پیدا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں فرق آنے کے باوجود پیٹرول سستا نہیں کیا جا رہا، یہ عوام کی نمائندہ حکومت نہیں بلکہ فارم 47 والے ہیں، بھتا ٹیکس لیوی کی صورت میں غریبوں سے لیا جا رہا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:گھی اور آئل کی حیران کن قیمتیں،چاول بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئے

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے اپنے اخراجات ایک ٹریلین روپے تک پہنچ گئے ہیں جبکہ ملک میں لوڈ شیڈنگ عروج پر ہے، سرکاری گاڑی 1300 سی سی سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم لاہور میں طویل دھرنے بھی دے سکتے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، اگر کسی نے ہمیں دھرنے سے اٹھانے کی کوشش کی تو اپنا شوق پورا کر لے۔

خیال رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی دھرنے دیے جارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں