
(عابد چودھری)لاہورمیں آج کم عمر، بغیر لائسنس اور موٹرسائیکل پر تین سواروں کے خلاف جنرل ہولڈ اپ کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے،سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کم عمر ڈرائیورز کے خلاف چالان کے ساتھ ساتھ ان کی گاڑی یا موٹرسائیکل بھی بند کردی جائے گی، کم عمر ڈرائیور کی موٹرسائیکل صرف جووینائل پرمٹ دکھانے پر ہی چھوڑنے کی اجازت ہوگی۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ چھٹی کے روز اکثر بچے گھروں سے موٹرسائیکل، گاڑی یا رکشہ لے کر سڑکوں پر آجاتے ہیں، جس کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، محفوظ سفر کے پیش نظر موٹرسائیکل پر تین سواروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
سی ٹی اولاہور نے واضح کیا ہےکہ لرنر پرمٹ پر گاڑی چلانے کی ہرگز اجازت نہیں، بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 5 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا اور گاڑی بھی بند کردی جائے گی، لائسنس دفاتر کے باہر بھی خصوصی ہولڈ اپ کیا جائے گا، جہاں موٹرسائیکل سواروں کو لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:آج سے 5 ستمبر تک بارشیں; محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی نے سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کسی صورت قابل قبول نہیں۔






