1

کراچی :پولیس حراست کے دوران 8ویں جماعت کے طالب علم کی ہلاکت اہلخانہ کا احتجاج

(مبشر حسن)کراچی میں  ملیر سٹی پولیس کی مبینہ حراست  کے دوران نوجوان جان کی بازی ہار گیا ، اہلخانہ کا موقف ہے کہ ہمارے بچے کو بجلی کے کرنٹ لگا کر قتل کیا گیا ہے۔

17 سالہ ارشاد آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا، پولیس نے لاسی گوٹھ میں گھر پر چھاپہ مار کر ارشاد کو گرفتار کیا تھا۔

 اہل خانہ کا الزام ہے کہ ارشاد کو بجلی کا کرنٹ لگا کر قتل کردیا گیا،اہل خانہ اور اہل محلہ  نے جناح اسپتال میں احتجاج کیا، متوفی کی لاش کے ہمراہ اہلخانہ کا پریس کلب کے باہر بھی احتجاج کیاگیا۔

ایس ایچ او ملیر سٹی کے مطابق ملیر سٹی پولیس نے بدنام منشیات فروش ارشد کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تھا،منشیات فروش ارشد کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے 55 گرام آئس برآمد کی گئی۔

ایس ایچ او ریاض بھٹو نے کہا کہ کارروائی کے دوران ملزم کا پڑوسی نوجوان ارشاد بھاگنے لگا، گھروں کی چھتوں سے کودنے کے دوران بجلی کے تار سے الجھ گیا اور اسے کرنٹ لگا،پولیس نے ارشاد کو تحویل میں لیا تو وہ بے ہوش تھا، انھوں نے بتایا  کہ جناح ہسپتال لایا گیا تو ڈاکٹروں نے اسکی موت کی تصدیق کی۔

ایس ایچ او نے دعویٰ کیا کہ نوجوان ارشاد پولیس کی حراست میں تشدد سے ہلاک نہیں ہوا،ملزم ارشد کی گرفتاری کے دوران ارشاد نے ڈر کے مارے فرار کی کوشش کی اور کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں :نئے صوبوں کیلئے رابطہ مہم تیز! علیم خان نے بڑا اعلان کردیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں