10

بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی، وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی، وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ وزیراعظم نے دہشت گردوں کی جانب سے خاران میں سڑک بلاک کرکے آمدورفت متاثر کرنے کی کوشش ناکام بنانے پر بھی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم نے واشک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرنے اور وہاں سے 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر بھی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے عزم کا اظہار کیا کہ فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کاوشیں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں