
(ویب ڈیسک ) چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے تفریحی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے ڈرونز رکھنے اور استعمال کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اقدام جون میں شہر کی بلند ترین عمارت سِٹک ٹاور (CITIC Tower) سے متعلق پیش آنے والے ایک ہلکے طیارے کے حادثے کے بعد دارالحکومت میں سکیورٹی اقدامات مضبوط بنانے کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔
بیجنگ ڈیلی کے مطابق 15 نومبر سے شہریوں کو تفریحی ڈرونز رکھنے یا انہیں ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس پابندی کا اطلاق ڈرونز کے پرزوں پر بھی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی،نئی قیمتیں سامنے آ گئیں
حکام نے شہریوں کو ڈرونز اور متعلقہ سامان شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے 14 نومبر تک مہلت دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت ڈرونز واپس لینے کے لیے Buyback پروگرام بھی شروع کرے گی، جس کے تحت فی ڈرون زیادہ سے زیادہ 3 ہزار یوآن، یعنی تقریباً 447 امریکی ڈالر تک ادائیگی کی جائے گی۔
بیجنگ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ دارالحکومت میں فضائی اور شہری سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔






