
(24نیوز) عوام کی حمایت سے محروم ہونے کے بعد کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی اوچھے ہتھکنڈوں پراترآئی، اسلام آباد پولیس کے بے گناہ ملازم پر بلاجواز تشدد کیا اور اس کی گمراہ کن، ہتک آمیز ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلا دی۔ پولیس اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے، ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔
عوامی حمایت میں واضح کمی اوراحتجاج کی بدترین ناکامی کے بعد کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ براہ راست تصادم کر کے عوامی حمایت سے محرومی اور ناکامی کی حقیقت پر پردہ ڈالنے کی بچگانہ کوششیں شروع کر دیں۔ پولیس کےملازم پر کالعدم کمیٹی کے شرپسندوں نے بلا اشتعال اور بلاجواز تشدد کیا۔
آزاد جموں وکشمیرپولیس نے اس واقعہ کے متعلق عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے کے لئے ایک پریس ریلیز جاری کیا۔ اس ی پریس ریلیز میں آزاد کشمیر پولیس نے بتایا ہے کہ 14جولائی کو راولاکوٹ میں گوئی نالہ افسرمارکیٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندوں نے اسلام آباد پولیس کے ملازم احتشام مسیح کو زبردستی گاڑی سے اتارا۔
کالعدم ایکشن کمیٹی کے لوگوں نے اسلام آباد پولیس کے اس اہلکار کو بلا جواز تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی ایک گمراہ کن ویڈیو بناکر پھیلائی۔ آزاد جموں وکشمیر پولیس نے اسلام آباد پولیس کے ملازم پر تشدد کرنے والے اور ویڈیو بنانے والے ایکشن کمیٹی کے کارندوں کی شناخت کرنے اور اس سارے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
حقائق کی مکمل تصدیق کے بعد اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
آزاد کشمیر پولیس نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص یا گروہ کو شرانگیزی، جھوٹی معلومات یا اداروں کے خلاف اشتعال پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حالیہ صورتحال کے دوران پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انتہائی تحمل اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ۔ پولیس اہلکاروں کی شہادتوں اور زخمی ہونے کے واقعات کے باوجود شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔
پولیس نے عوام سے یہ بھی کہا کہ عوام غیر مصدقہ،ایڈٹ شدہ ویڈیوز اور معلومات شیئر نہ کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی سے متعلق پولیس کو معلومات فراہم کریں۔






