وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی بینظیر بھٹو ایمرجنسی رسپانس ٹراما سینٹر آمد، پیر علی زئی واقعے کے زخمیوں کی عیادت
کوئٹہ،
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بینظیر بھٹو ایمرجنسی رسپانس ٹراما سینٹر کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قلعہ عبداللہ کے علاقے پیر علی زئی میں دہشت گردوں کے حملے کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر مقامی افراد کے حوصلے، ہمت اور جرات کو سراہتے ہوئے ان کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر بینظیر بھٹو ایمرجنسی رسپانس ٹراما سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر ملک کامران خان کاسی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو زخمی افراد اور ٹراما سینٹر میں زیر علاج دیگر مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اسپیشل سیکرٹری محکمہ صحت شہک بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ٹراما سینٹر کی طبی خدمات اور ہنگامی حالات میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی نگہداشت اور علاج معالجے کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔






