وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نےکہا ہےکہ نئے فارمولے کے تحت پیٹرول 15 روپے فی لیٹر تک سستا ہوسکتا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا وزیراعظم کی ترجیح ہے، آئل ریفائنریز کے ساتھ کل نشست میں تمام امور پرگفتگو ہوگی، آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو 15 روپے فی لیٹر سستا فراہم کرنے کے قابل ہوں گے۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ خطےکی صورتحال کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور انشورنس کے خرچے بڑھ چکے ہیں، چند دنوں میں ہوئے واقعات کی وجہ سے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق لاجسٹک مسائل اور انشورنس میں اضافہ ہوا ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ کروڑوں افراد پیٹرول ریلیف سے مستفید ہو رہے ہیں، ریفائنریز کے ساتھ مل کر ڈیزل کے لیے کروڈ بیسڈ فارمولا طےکیا تھا، جمعےکو پیٹرول کی قیمتوں میں آنے والا 15 روپے اضافہ روکا گیا، ریفائنریز نے پیٹرول کی قیمت کنٹرول میں رکھنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیا، ریفائنریز نے پیٹرول کی قیمت میں 15 ارب روپےکا لوڈ خود اٹھانےکا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم پر پریمیئم 10 سے 20 ڈالرفی بیرل بڑھ گیا ہے، جنگ سے پہلے پٹرول پرپریمیئم 5 ڈالر تھا جو 20 ڈالرفی بیرل پرگیا، ایل پی جی کی فی کلو قیمت 700 روپے تک ہونےکی بات غلط ہے۔ڈیزل پر خام تیل کا فارمولہ لاگو ہے، مقامی ریفائنریز 30 فیصد پیٹرول بناتی ہیں، ریفائنریز کے مشکور ہیں کہ انہوں نے حکومت سے تعاون کیا، ریفائنریوں نے منافع بھی بہت کمایا، عوام نے تیل کی قیمت کے لیے بہت مشکلات برداشت کیں، حکومت کسی سے زیادتی نہیں کرے گی، عوام کا تحفط یقینی بنائےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ فیول قیمتوں میں ڈی ریگولیشن کا سب سے بڑا حامی ہوں، خطے میں بدترین جنگ جاری ہے، ریفائنریز کا 3 ماہ کا منافع پورے ایک سال سے زیادہ تھا۔
آبنائے ہرمز میں پاکستان آنے والے ایل این جی کارگو پر حملے کے سوال پر علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ جس جگہ پر جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ ہرمز سے پہلے ہے، کراسنگ کے اوپر نہیں ہوا، اس مشکل وقت میں ایندھن جہاں بھی جارہا ہو انسانی بنیادوں پر اسے جانے دینا چاہیے، جہاز پر حملہ جہاں سے بھی ہوا ہے، تحقیقات میں سامنے آجائے گا۔






