3

25 ہزار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، نیوٹیک کے چیئرمین کی وزیراعلی بلوچستان کو بریفننگ

کوئٹہ،
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے چیئرمین انجینئر قمر الاسلام راجہ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر نادیہ کریم نے ملاقات کی، جس میں جنوبی بلوچستان کے فوکسڈ اضلاع سمیت صوبے بھر کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے لیے جاری یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان کو بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت صوبے کے 25 ہزار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، وفاقی حکومت کے مختلف محکموں میں 6 ہزار آسامیاں مشتہر کی جاچکی ہیں جبکہ مزید آسامیاں بھی مرحلہ وار مشتہر کی جارہی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ NAVTTC اور بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا) کے اشتراک سے بلوچستان کے 10 ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی و تکنیکی تربیت فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد انہیں ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر سے آراستہ کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ کو مزید بتایا گیا کہ رواں سال دسمبر تک 2 ہزار تربیت یافتہ نوجوانوں کا پہلا بیچ اپنی تربیت مکمل کرلے گا، جنہیں دیگر ممالک میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور بین الاقوامی لیبر مارکیٹ تک رسائی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور جدید فنی مہارتوں سے آراستہ کرنا صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، نوجوان صوبے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو مثبت اور تعمیری انداز میں بروئے کار لانے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو محض ڈگریاں دینے کے بجائے ایسے فنی اور تکنیکی ہنر فراہم کرنے کی ضرورت ہے جو انہیں عملی زندگی میں باعزت روزگار کے حصول کے قابل بنا سکیں۔ تربیتی پروگراموں کو مارکیٹ کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کے لیے روزگار کے پائیدار مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور بالخصوص جنوبی بلوچستان کے فوکسڈ اضلاع کے نوجوانوں کو اس پروگرام سے بھرپور استفادے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع سے منسلک کرنے کے لیے بھی مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے اس امر پر زور دیا کہ فنی تربیت اور روزگار کے منصوبوں کے ثمرات حقیقی معنوں میں مستحق نوجوانوں تک پہنچنے چاہئیں اور ان پروگراموں کی پیش رفت، شفافیت اور نتائج کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جائے۔ ملاقات میں سیکرٹری لیبر اینڈ مین پاور بلوچستان صالح محمد ناصر، سربراہ بی ٹیوٹا میجر (ریٹائرڈ) عبدالکبیر زرکون اور ڈی جی NAVTTC بلوچستان حسین بخش مگسی بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں