کوئٹہ : انوویٹیو ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (IDO) کے زیر اہتمام خواتین دستکاروں کی حوصلہ افزائی اور مقامی ہنر کے فروغ کے لیے ایک شاندار گرینڈ ہینڈی کرافٹ ایکسپو کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں معزز مہمانوں، سماجی شخصیات، دستکار خواتین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مہمانِ خصوصی اور شرکاء نے ایکسپو میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں باصلاحیت خواتین دستکاروں کی جانب سے تیار کردہ روایتی کشیدہ کاری، ملبوسات، دستکاری کے نادر نمونے، آرائشی اشیاء اور دیگر گھریلو مصنوعات نمائش کے لیے پیش کی گئی تھیں۔ شرکاء نے خواتین کے باریک بین کام، جدت اور ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور ان کی مصنوعات میں گہری دلچسپی لی۔
اس موقع پر شرکاء نےانتظامیہ کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات کی بھرپور تعریف کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کے پلیٹ فارمز خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے، ان کے ہنر کو براہِ راست مارکیٹ تک رسائی دینے اور مقامی دستکاری کو قومی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر نمائش میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی اور منفرد دستکاری پیش کرنے والی خواتین دستکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں تعریفی سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے گئے۔ منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایسے پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
3






