
(عثمان خان) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے عالمی شہرت یافتہ برطانوی پاکستانی باکسر عامر خان نے ملاقات کی جس میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی فلاح، اوورسیز پاکستانیوں کے کردار اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عامر خان نے اپنی محنت، صلاحیت اور عزم سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا، انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں جبکہ باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی اور کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی مختلف شعبوں میں اپنی خدمات کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں، جبکہ انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر میں بھی کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی۔
اس موقع پر عامر خان نے کہا کہ کراچی میں باکسنگ اکیڈمی اور اسپورٹس کمپلیکس کے قیام پر غور جاری ہے اور وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر کھیلوں کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لیے سیاست میں آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ باصلاحیت نوجوانوں کا سیاست میں آنا ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جہلم؛ کھلے ٹیوب ویل کے ٹینک میں ڈوب کر 6 سالہ بچی جاں بحق






