5

عاطف اسلم کا 18 سال بعد البم ’’صبح آئے نا‘‘ ریلیز کرنے کا اعلان

(24 ںیوز )پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے تقریباً 18 سال بعد اپنے چوتھے سٹوڈیو البم ’صبح آئے نا‘ کی ریلیز کا اعلان کر دیا ہے، جس میں آٹھ نئے گانے شامل ہیں۔

عاطف اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر البم کا سرورق جاری کرتے ہوئے گانوں کی فہرست بھی شیئر کی، البم میں ’صبح آئے نا‘، ’سفر میں ہوں‘، ’عشق‘، ’لیٹس ہیو سم فن‘، ’سن سجنہ‘، ’ہوں عشق میں‘، ’چار یار‘ اور ’سچے وعدے‘ شامل ہیں۔

یہ البم 2008 میں ریلیز ہونے والے ’میری کہانی‘ کے بعد عاطف اسلم کا پہلا مکمل اسٹوڈیو البم ہے۔ اس البم کے گانے ’تیرے بن‘، ’کون تھا‘، ’کنارا‘ اور ’میری کہانی‘ شائقین میں بے حد مقبول ہوئے تھے۔

اس سے قبل 2006 میں ریلیز ہونے والے ’دوری‘ میں ’کچھ اس طرح‘ اور ’ماہی وے‘ جیسے مقبول گانے شامل تھے، جبکہ 2004 میں ان کے پہلے سولو البم ’جل پری‘ نے ’عادت‘، ’بھیگی یادیں‘ اور ’وہ لمحے‘ جیسے گانوں کے ذریعے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔

گزشتہ دو دہائیوں کے دوران عاطف اسلم پاکستان اور بھارت کی متعدد فلموں کے لیے اپنی آواز دے چکے ہیں۔ ان کے مقبول گانوں میں ’تیرا ہونے لگا ہوں‘، ’جینا جینا‘، ’پہلی نظر میں‘، ’دل دیاں گلاں‘، ’جینے لگا ہوں‘، ’تو جانے نا‘، ’او ساتھی‘ اور ’میں رنگ شربتوں کا‘ شامل ہیں۔

انہوں نے کوک اسٹوڈیو میں بھی پرفارم کیا، بین الاقوامی موسیقاروں کے ساتھ اشتراک کیا اور دنیا بھر میں موسیقی کے پروگراموں میں حصہ لیتے رہے ہیں, حال ہی میں عاطف اسلم نے برطانوی-آذربائیجانی موسیقار سمی یوسف کے ساتھ ’تو ہی میرا رازداں‘ پیش کیا، جسے ابوظبی کے اتحاد ایرینا میں براہِ راست ریکارڈ کیا گیا تھا۔

عاطف اسلم کے نئے البم کے اعلان پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے, ’’صبح آئے نا‘‘ 18 سال بعد ان کا پہلا مکمل سٹوڈیو البم ہوگا، جس کے ذریعے وہ اپنے مداحوں کو نئے اصل گانوں کا مجموعہ پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :جوڈیشل کمیشن نے4ایڈیشنل ججز کی مستقلی کی منظوری دے دی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں