3

مسلسل 13ویں رات امریکی بمباری ایران کا خطے میں امریکی اڈوں پر جوابی وار

(24نیوز)مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید شدت آ گئی ہے،امریکی فوج نے مسلسل 13ویں رات بھی ایران کے مختلف علاقوں میں حملے کیے، جبکہ ایران نے خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق حملوں میں ایران کے فوجی کمانڈ سینٹرز، ڈرون ذخیرہ گاہوں، مواصلاتی نیٹ ورکس اور بحری عسکری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اہواز، بندر عباس اور جزیرہ قشم میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ موسان گاؤں کے قریب دو امریکی میزائل گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

سینٹکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی بحری آمدورفت کے لیے کھلی ہے اور ان کارروائیوں کا مقصد پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات کو کم کرنا ہے۔

دوسری جانب ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن اور کویت میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے، جن کے باعث مختلف مقامات پر خطرے کے سائرن بجائے گئے، ایرانی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جزیرہ قشم کے قریب پرواز کرنے والے ایک طیارے کو مار گرایا گیا، جبکہ کرمان کے قریب ایک امریکی ٹام ہاک میزائل کو فضا میں تباہ کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:تیل کی قیمتیں بے قابو! دنیا نئے معاشی بحران کے دہانے پر

ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی حملے جاری رہے تو وہ نئی حکمتِ عملی اختیار کرے گا، جس کے نتیجے میں “جارح قوتوں کے لیے جنگ جاری رکھنا ناممکن ہو جائے گا۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں