
(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم محسن نقوی کی نئے صوبوں والی بات کی تائید کرتے ہیں۔نئے انتظامی یونٹ بننے سے کراچی کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ ملک میں مزید ایڈمنسٹریٹو یونٹ بنانے کی ضرورت ہے۔
ملتان میں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارا ملک دنیا کے 180 ملکوں سے بڑا ہے،ملک میں مزید ایڈمنسٹریٹو یونٹ بنانے کی ضرورت ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ادویات کی قیمتیں کم کرنا یا بڑھانا وزیر صحت کا کام نہیں ہے۔ادویات کی قیمتوں میں کمی کابینہ کا کام ہے، کابینہ میں ادویات کی قیمتوں میں کمی پر کمیٹی بنائی ہوئی ہے۔ ڈریپ نے چند ادویات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کردیا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 4 لاکھ بچے سال میں مختلف بیماریوں کے باعث انتقال کررہے ہیں،کیا ان بچوں کے والدین حکومت کو اچھا سمجھیں گے یہ وہ اموات ہیں جس میں لوگوں کی جان بچائی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: دل کے مریضوں کی جان بچانے والا انجیکشن ناپید
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ملک میں 1 کروڑ 10 لاکھ لوگ ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں،ہر تیسرا آدمی شوگر کے مرض کا شکار ہے ہر ایک منٹ میں ایک آدمی دل کے مرض سے موت کا شکار ہو جاتے ہیں، ہم ویکسین لگانے جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ یہودی سازش ہے ہماری نسل تباہی ہو جائے گی۔






