
(طلحہ اشرف)شہر میں سبزیوں کی سرکاری قیمتوں اور اوپن مارکیٹ کے نرخوں میں واضح فرق سامنے آگیا، جہاں متعدد سبزیاں سرکاری ریٹ سے زائد قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔
دکانداروں کی جانب سے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہری مہنگی سبزیاں خریدنے پر مجبور ہیں،مارکیٹ میں مختلف سبزیوں کی قیمتیں سرکاری نرخوں سے زائد وصول کی جا رہی ہیں۔
آلو کی سرکاری قیمت 32 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ بازار میں یہ 60 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، پیاز سرکاری قیمت 120 روپے فی کلو کے مطابق فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح ٹماٹر کی سرکاری قیمت 255 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 400 روپے فی کلو تک فروخت کیے جا رہے ہیں، کریلے 100 روپے کے بجائے 130 روپے فی کلو، جبکہ مٹر 300 کے بجائے 330 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایل اے 27مظفر آباد میں ملتوی انتخابات 4 اگست کو ہوں گے: چیف الیکشن کمشنر
مزید برآں سبز مرچ 110 کے بجائے 130 روپے فی کلو، بند گوبھی 70 کے بجائے 80 روپے فی کلو اور پھول گوبھی 120 کے بجائے 150 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔






