کوئٹہ: خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے سینٹر آف ایکسیلینس ڈیف ریچ سینٹر کا افتتاح
کوئٹہ میں پارلیمانی سیکرٹری برائے سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی اور وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچی نے مشترکہ طور پر سینٹر آف ایکسیلینس ڈیف ریچ سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت، نگہداشت اور بحالی کے لیے ایسے اداروں کا قیام حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز خصوصی بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات، جدید تربیت اور معاون ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور خوداعتمادی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچی نے کہا کہ خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے سینٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ خصوصی بچوں اور ان کے خاندانوں کے لیے سہولت، رہنمائی اور امید کا مرکز ثابت ہوگا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ، انہیں باوقار زندگی کی فراہمی اور معاشرے میں ان کی بھرپور شمولیت کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔






