1

محسن نقوی کا نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ ،بہترین انتظامات پر خوشگوار حیرت کا اظہار

(علی رامے)نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا نظام تبدیل ہونے کے بعد شہریوں کو طویل قطاروں اور کئی کئی گھنٹے انتظار کی زحمت سے نجات مل گئی ہے، شہریوں نے بہتر انتظامات، فعال ایئر کنڈیشننگ اور تیز رفتار سروس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا اور انتظامات پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ 

وزیر داخلہ نے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے پراسیس، انتظار کے وقت اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا، انہوں نے مختلف کاؤنٹرز کا دورہ کیا، عملے سے ملاقات کی اور شہریوں کی شکایات بھی سنیں۔

اس موقع پر شہریوں نے بتایا کہ انہیں چند منٹ میں اپنی باری مل گئی اور کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، بزرگ شہریوں نے بھی عملے کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا کام مختصر وقت میں مکمل ہوگیا۔

ایک بزرگ خاتون نے نادرا عملے کے تعاون پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ اور عملے کے لیے دعائیں بھی کیں۔

وزیر داخلہ نے ایف آر سی کے لیے آنے والے دو شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے، جبکہ عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کو مطلوبہ دستاویزات کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:ہزاروں سال پرانا معمہ حل؟ اہرامِ مصر کی تعمیر سے متعلق حیران کن انکشاف

دورے کے دوران بعض شہریوں نے نادرا سنٹر کے باہر پارکنگ فیس سے زائد رقم وصول کرنے کی شکایات بھی کیں، جس پر متعلقہ حکام کو معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایف آر سی کے ٹریک ریکارڈ تک رسائی کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا پہلے بھی دورہ کر چکے ہیں، تاہم آج شہریوں کے مثبت فیڈ بیک سے خوشی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کا اعتماد اور اطمینان ہی کسی بھی ادارے کی کامیابی کا اصل معیار ہے،انہوں نے چیئرمین نادرا اور ان کی ٹیم کی محنت اور کارکردگی کو بھی سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں