
(سمرا فاطمہ) کاہنہ میں نشے کے لیے رقم نہ دینے پر شوہر نے بیوی اور تین بیٹیوں پر چھریوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں چاروں خواتین زخمی ہوگئیں۔
چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا کاہنہ میں خاتون اور تین بیٹیوں پر حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تفصیلی رپورٹ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے طلب کر لی۔
حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ کاہنہ پولیس نے 15 کی کال پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے،پولیس کی بروقت کارروائی قابلِ تحسین ہے، مقدمے کی تفتیش تمام قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل کی جائے۔
حنا پرویز بٹ نے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی ٹیم کو متاثرہ خاندان کو مکمل معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین اور بچیوں پر تشدد کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،پولیس نے ملزم کے قبضے سے آلۂ واردات بھی برآمد کر لیا،ملزم کے خلاف مضبوط چالان مرتب کر کے اسے قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے،زخمی خاتون اور ان کی تینوں بیٹیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
حنا پرویز بٹ کا مزید کہنا تھا کہ نشے کی لت کسی شخص کو اپنی بیوی اور بیٹیوں کی جان لینے کی اجازت نہیں دیتی ،اپنے ہی گھر کی خواتین پر قاتلانہ حملہ انتہائی سفاکانہ، شرمناک اور ناقابلِ برداشت جرم ہے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف واضح کر چکی ہیں کہ خواتین میری ریڈ لائن ہیں،خواتین اور بچیوں پر تشدد کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی،کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے یا خواتین کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،شہری خواتین پر تشدد کے واقعات پر خاموش تماشائی نہ بنیں اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
یہ بھی پڑھیں : لال گلیشیئر کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ!روڈ ہر قسم کی آمدورفت کیلئےعارضی طور پر بند






