1

این ڈی ایم اے کا ملک بھر کے بڑے دریاوں میں سیلاب کا خدشہ

(روزینہ علی )این ڈی ایم اے نے 2 تا 4 اگست کے دوران ملک کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاو میں اضافے، اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔

این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق دریائے لہڑی ہیڈ گوگی کے مقام پراونچے درجے، وزیرآباد کے مقام پر نالہ پلکھو میں درمیانے درجے ، دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ، گڈو اور سکھر کے مقامات پر نچلے درجے اور دریائے ناری ہیڈ ناری پر بھی نچلے درجے  کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ۔

دریائے چناب کے مرالہ مقام پر اونچے درجے جبکہ خانکی اور قادرآباد پر نچلے سے درمیانے درجے کے بہاؤ کا امکان ہے، دریائے جہلم، راوی، کابل اور ان کے معاون دریاؤں میں بھی نچلے سے درمیانے درجے کے بہاؤ میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے ، جہلم، چناب اور راوی سے ملحقہ ندی نالوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے بہاؤ کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق  راوی اور ستلج میں پانی کی صورتحال بھارتی آبی ذخائر سے اخراج پر بھی منحصر ہوگی، ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں، وسطی و جنوبی خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان کے ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ جبکہ این ڈی ایم اے نے راولپنڈی، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، میں اربن فلڈنگ اور بارش کے پانی کے جمع ہونے کا خدشہ  ہے۔

پشاور، مردان، نوشہرہ میں اربن فلڈنگ،  حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ اور سندھ کے دیگر نشیبی شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور بارش کے پانی کے جمع ہونے کا خدشہ ہے، عوام کو ممکنہ طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت  کی گئی ہے۔

مون سون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے ریلوں اور اچانک آنے والے سیلاب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، سیلابی پانی یا تیز بہاؤ کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے ہرگز عبور نہ کریں، مون سون کے دوران برساتی ندی نالوں کے بہاؤ میں اچانک شدید اضافہ بھی ہو سکتا ہے،   ایسے علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کے دوران محتاط رہیں اور تیز بہاؤ والے پانی کے ریلوں سے دور رہیں۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے، سفر کے دوران اپنے ساتھ پینے کا پانی، خشک خوراک، ٹارچ، ابتدائی طبی امداد کا سامان، پاور بینک اور ہنگامی رابطہ نمبرز ضرور رکھیں، متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور انتظامیہ کی جانب سے بند کی گئی سڑکوں پر سفر سے مکمل گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں : واٹس ایپ میں ایک نئی دلچسپ اپ ڈیٹ کر دی گئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں