
(ویب ڈیسک)وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو جعلی ای چالان الرٹس کے ذریعے نشانہ بنانے کا نیا آن لائن فراڈ سامنے آگیا۔ جس پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے احتیاط برتنے کی ہدایت کر دی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق جعلی ایس ایم ایس اور واٹس ایپ پیغامات گردش کر رہے ہیں، جن میں مشکوک لنکس شامل ہوتے ہیں۔
پولیس کے مطابق ان لنکس پر کلک کرنے سے صارفین جعلی ویب سائٹس پر منتقل ہو جاتے ہیں، جہاں ان کی ذاتی معلومات، بینکنگ تفصیلات اور دیگر حساس ڈیٹا چوری کیے جانے کا خدشہ ہوتا ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی غیر تصدیق شدہ لنک پر ہرگز کلک نہ کریں، اپنی ذاتی یا مالی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور ای چالان سے متعلق ہر اطلاع کی تصدیق صرف سرکاری ذرائع سے کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے شہری خود کو آن لائن فراڈ اور سائبر جعلسازی سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ






