1

آزادکشمیر میں عوامی مینڈیٹ سے ن لیگ کی حکومت قائم ہوگی:رانا ثناء اللہ

(24نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہو گئی ہے، جبکہ عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوگی۔

 اسلام آباد میں وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کی 20 نشستوں پر دوسرے مرحلے کے انتخابات مکمل ہوئے، جن میں مسلم لیگ (ن) نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں میں سے 7 پر انتخابی عمل مکمل ہوا، جبکہ مجموعی طور پر 45 نشستوں میں سے اب تک 26 پر مسلم لیگ (ن) کامیاب ہو چکی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات سے قبل دھاندلی کے الزامات عائد کر رہی تھی، تاہم اب انہیں قوم کو بتانا چاہیے کہ انتخابات شفاف تھے یا نہیں، دھاندلی کے الزامات کے ثبوت مانگے گئے تو پہلے 13 پولنگ سٹیشنز کا دعویٰ کیا گیا، پھر یہ تعداد کم ہو کر 4 اور بعد ازاں صرف 2 پولنگ سٹیشنز تک محدود رہ گئی۔

انہوں نے کامیاب امیدواروں کو وزیراعظم، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی وعدوں کے مطابق آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ 10 اگست کو تیسرے مرحلے کے انتخابات مکمل ہونے کے فوراً بعد مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا تاکہ آئندہ کی حکمت عملی طے کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:برڈ فلو کی دستک۔۔۔۔!شہریوں کیلئے اہم خبر آ گئی

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کو اپنا حقِ رائے دہی آزادانہ طور پر استعمال کرنے کا بھرپور موقع ملا، تاہم دو روز قبل ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر شہر کے ایک چوک پر ہنگامہ آرائی کی گئی، پولیس کی مداخلت پر فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا اور شہر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی، جس سے ووٹر ٹرن آؤٹ بھی متاثر ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں