
(طاہر جمیل)اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پراپرٹی رجسٹریشن کے عمل میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے ذریعے پنجاب میں پہلی ڈیجیٹل رجسٹری کامیابی سے مکمل کر لی گئی، اس دوران فروخت کنندہ کا بیان لندن سے محفوظ ڈیجیٹل لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا، جس سے بیرونِ ملک بیٹھ کر قانونی کارروائی ممکن بن گئی۔
حکام کے مطابق ڈیجیٹل رجسٹری کے نظام سے بیرونِ ممالک مقیم پاکستانیوں کے لیے پاکستان میں اراضی کی خرید و فروخت کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان، تیز اور محفوظ ہو جائے گا، ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے فراہم کی گئی ہے، جبکہ آئندہ ماہ سے اس کا دائرہ کار سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات تک بھی بڑھایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:میٹرک اورانٹر کے لیے ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ
اس نئے نظام کے تحت اوورسیز پاکستانی پاکستان آئے بغیر ہی جائیداد کی رجسٹری اور انتقال کی کارروائی مکمل کر سکیں گے، جس سے وقت، اخراجات اور قانونی پیچیدگیوں میں نمایاں کمی آئے گی۔
ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پلرا) کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا ادارے کی ترجیح ہے اور ڈیجیٹل رجسٹریشن کا یہ اقدام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔






