
(ویب ڈیسک)اونچے درجے کے سیلاب کے باعث بابوسر ٹاپ کی شاہراہ ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بندہوگئی۔
بابوسرٹاپ کی شاہراہ ایک بار پھر سیلابی ریلے کی زد میں آگئی جبکہ شاہراہ قراقرم بھی ٹرک الٹنے سے بند ہو گئی،حادثے کے شکار ٹرک کو ہٹاکر شاہراہ کی جلد بحالی کیلئے کارروائی جاری ہے.
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مطابق شاہراہ بابوسر پر تھک کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کے باعث زیرو پوائنٹ پر شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے،مسافروں اور سیاحوں کو متبادل راستے کے طور پر شاہراہ قراقرم استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تربیلا ڈیم 95 فیصد بھر گیا،پانی کی سطح 1545 فٹ تک پہنچ گئی
شاہراہ قراقرم بھی شنگ نالہ کے قریب ایک مال بردار ٹرک الٹنے سے عارضی طور پر بند ہو گئی، جس کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،این ایچ اے کے مطابق گونر فارم چیک پوسٹ پر مزید گاڑیوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور بھاری مشینری متاثرہ مقام پر شاہراہ کی جلد بحالی کیلئے کام کر رہی ہیں۔






