7

الیکشن کمیشن کا پارلیمانی احتساب سے متعلق بڑا قدم، ارکان کے مالی گوشواروں کی خود جانچ پڑتال کا فیصلہ

(24نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ارکانِ پارلیمنٹ کے مالی معاملات میں شفافیت بڑھانے کے لیے اہم اصلاحات کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 137 میں ترمیم کی تجویز پیش کی ہے، جس کے تحت کمیشن کو ارکانِ پارلیمنٹ کے اثاثوں اور مالی گوشواروں کی براہِ راست چھان بین کا اختیار حاصل ہو جائے گا۔

مجوزہ ترمیم کے مطابق اگر کسی رکن پارلیمنٹ کے ظاہر کردہ اثاثے اور آمدن کے ذرائع میں تضاد سامنے آیا تو الیکشن کمیشن خود معاملے کی تحقیقات کرکے کارروائی کر سکے گا۔

تجویز میں کہا گیا ہے کہ بینکوں، سرکاری اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو الیکشن کمیشن کی جانب سے طلب کی گئی معلومات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ مقررہ مدت میں معلومات فراہم نہ کرنے والے اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے گی۔

الیکشن کمیشن نے مجوزہ ترامیم کو عوامی رائے کے لیے جاری کر دیا ہے، جس پر 15 اگست تک تجاویز اور اعتراضات طلب کیے گئے ہیں۔ موصول ہونے والی آرا کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

مجوزہ ترمیم کا مقصد ارکانِ پارلیمنٹ کے اثاثوں کی شفافیت، مالی جوابدہی اور انتخابی نظام پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
 
 
 
 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں