3

مردہ مرغیاں فروخت کیس: عدالت نے ملزم کی ضمانت خارج کر دی

(24 نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے1200کلو مردہ مرغیاں فروخت کرنے کے کیس میں ملزم کی درخواست ضمانت ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس غلام سرور نے ملزم تنویر مسیح کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عمران عارف رانجھا عدالت میں پیش ہوئے اور درخواست ضمانت کی مخالفت کی۔

سماعت کے دوران جسٹس غلام سرور  نے ریمارکس دیئے کہ یہ ایک مافیا ہے جو لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے، پولیس ایسے ظالم لوگوں کو تحفظ دیتی ہے اور ایسے کیسز میں بروقت تفتیش نہیں کرتی جس کا فائدہ ملزمان اٹھاتے ہیں۔

مزید پڑھیں:پنجاب میں کھانے پینے کے شوقین افراد کیلئے اہم خبر، نئی ہدایات جاری

جسٹس غلام سرور نے ریمارکس دیئے کہ ایسے ملزمان کو ریلیف دے کر معاشرے میں گھناونے جرم کیلئے نہیں چھوڑا جا سکتا، تفتیشی افسران کی ذمہ داری ہے کہ ایسے کیسز میں ترجیحی بنیادوں پر بلا تاخیر تفتیش مکمل کریں۔

ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فوڈ اتھارٹی نے آٹھ ماہ قبل چھاپہ مار کر تنویر مسیح کو گرفتار کیا تھا، تاہم تھانہ بلوچنی فیصل آباد پولیس نے ابھی تک تفتیش مکمل نہیں کی، ملزم کی جانب سے ضمانت پر رہائی کی استدعا کی گئی، تاہم عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں