6

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز سے گڈز و ٹرانسپورٹ ایسویسی ایشنز عہدیداران کی ملاقات،مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق

(ویب ڈیسک) پنجاب اور سندھ کی گڈز و ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس لاہور کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز عاصم گلزار، سینئر ٹریفک، پی ایچ پی اور دیگر سینئر پولیس افسران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل، ٹریفک قوانین کے نفاذ اور روڈ سیفٹی سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز تنظیموں کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ٹریفک اصلاحات کے ویژن کو سراہا۔ سینئر ٹریفک و پولیس افسران نے ٹرانسپورٹرز تنظیموں کی جانب سے ہڑتال کی کال موخر کرنے کے اقدام کو بھی سراہا۔
گڈز و ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے سینئر پولیس و ٹریفک افسران کو اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ اور کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کی گئیں جبکہ پنجاب پولیس اور گڈز ٹرانسپورٹرز نے باہمی افہام و تفہیم سے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔
 ایڈیشنل آئی جی آپریشنز عاصم گلزار نے کہا کہ پنجاب پولیس ٹرانسپورٹرز کمیونٹی کے جائز مسائل کے مستقل بنیادوں پر حل کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے باہمی مشاورت سے کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اور گڈز ڈرائیورز کو روڈ سیفٹی، استعدادکار اور ٹریفک قوانین سے روشناس کرانے کیلئے مشترکہ آگاہی سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے پنجاب پولیس کے دفاتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور ٹرانسپورٹرز اپنے جائز مسائل کے حل کیلئے مقررہ فوکل پرسن سے کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں۔
 ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ بہتر ٹریفک مینجمنٹ کیلئے پنجاب پولیس اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ دوران سفر انسانی جانوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
ڈی آئی جی پی ایچ پی فیصل علی راجہ نے کہا کہ ڈمپر ڈرائیورز کی جانب سے شاہراہوں پر اوورٹیکنگ، اوور لوڈنگ، اوور سپیڈنگ اور رانگ پارکنگ حادثات کی بنیادی وجوہات ہیں۔ ٹرانسپورٹرز بار بار حادثات اور اموات کے ذمہ دار ڈمپر ڈرائیورز کو شاہراہوں پر دوبارہ نہیں آنے دینا چاہتے۔
 ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے کہا کہ ایف آئی آرز، غیر ضروری چالاننگ اور جرمانوں کو ٹرانسپورٹرز کے استحصال کا ذریعہ بنانے والے ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہیوی ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کو ایچ ٹی وی لائسنس کے آسان حصول کیلئے جلد سکیم متعارف کرائی جا رہی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے مزید بتایا کہ ٹرانسپورٹرز کے ایکسائز، کسٹمز اور دیگر محکموں سے متعلق مسائل کے حل کیلئے صوبائی وزیر و سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے میٹنگ کروائی جائے گی۔ انہوں نے ون ایپ ایپلیکیشن کا دائرہ کار بڑے شہروں سے بڑھا کر چھوٹے شہروں تک وسیع کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
 اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر، ڈی آئی جی پی ایچ پی فیصل علی راجہ، سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی، اے آئی جی آپریشنز سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
 وفد میں مرکزی صدر پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل، پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن، مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن، نیو اتحاد ٹرک اونر ایسوسی ایشن، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ورکرز ویلفیئر یونین، گڈز ٹرانسپورٹ کیریئر ایسوسی ایشن اور نیشنل الائنس ٹرانسپورٹ کے عہدیداران شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں