6

دہشتگردی کے متاثرین کی قربانیاں انسانیت کیلئے ناقابلِ فراموش باب ہیں:محسن نقوی

(اویس کیانی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور اظہارِ عقیدت کے عالمی دن کے موقع پر دہشت گردی کے تمام متاثرین اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، قوم یا سرحد نہیں، بلکہ یہ پوری انسانیت کے خلاف جرم ہے۔

اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے متاثرین کی قربانیاں انسانیت کے لیے ایک ناقابلِ فراموش باب ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ہمارے لیے باعثِ فخر اور ہمارے سر کا تاج ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دے چکا ہے اور اپنے شہداء اور متاثرین کی قربانیوں کا قرض تاقیامت نہیں اتارا جاسکتا۔

 یہ بھی پڑھیں:2 مسافر طیارےٹکرانےسے بال بال بچ گئے!

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ان کا ساتھ دیتے رہیں گے، شہداء اور متاثرین کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

محسن نقوی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہوکر مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف چند ممالک کی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی جنگ ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ دنیا کے قیام کے لیے دہشت گردی کے سامنے چٹان کی طرح کھڑا ہے اور دہشت گردی کے خلاف اس کا عزم غیر متزلزل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں