
( طیب سیف )پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے معاملے پر حکومتی طرزِ عمل کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عطاء اللہ تارڑ کا بیان حکومت کے پرانے ڈرامے اور گمراہ کن طرزِ عمل کی ایک بار پھر تصدیق کرتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کاکہناہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے اور مکمل طبی بورڈ تشکیل دینے کا واضح حکم دیا تھا ،عدالتی حکم کے مطابق ڈاکٹر فیصل سلطان کو طبی بورڈ میں شامل اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کو موجود ہونا تھا،چند گھنٹوں کی نمائشی کارروائی کے بعد بانی پی ٹی آئی کو ’’طبی طور پر صحت مند‘‘ قرار دے کر فجر سے قبل اڈیالہ جیل واپس منتقل کرنا ناقابلِ اعتبار ہے۔
شیخ وقاص اکرم کامزیدکہناہے کہ سالوں کی سولٹری کنفائنمنٹ، طبی سہولیات سے محرومی، آنکھوں اور بلڈ پریشر کے مسائل کے بعد اچانک صحت مند قرار دینا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے،حکومت بتائے عدالتی حکم کی مکمل روح پر عمل ہوا یا صرف ظاہری کارروائی کرکے عدالت اور قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی؟ بانی پی ٹی آئی کی مکمل طبی رپورٹس فوری طور پر قوم اور عدالت کے سامنے لائی جائیں۔
شیخ وقاص اکرم کامزیدکہناہے کہ عمران خان کی صحت اور وقار کوئی سیاسی کھیل نہیں بلکہ ان کا بنیادی انسانی حق ہے،چیزیں اتنی سادہ نہیں جتنا وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بتانے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت کو بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر شفافیت اختیار کرنا ہوگی، محض بیانات اور نمائشی اقدامات کافی نہیں، بانی پی ٹی آئی کو مطلوبہ طبی سہولیات اور آزادانہ طبی معائنہ فراہم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان صحت مند قرار،ہمشیرہ عظمیٰ خان طبی معائنے کےدوران موجود رہیں:عطا تارڑ
شیخ وقاص اکرم کاکہناہے کہ عمران خان کی صحت کے معاملے پر قوم کو حقائق سے آگاہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،کچھ ہی دیر میں تمام حقائق اور مختلف فریقین کے مؤقف قوم کے سامنے آ جائیں گے، ظلم، جبر اور سیاسی انتقام کا یہ سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔






