4

ماس ٹرانزٹ منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں مریم نواز کی3شفٹوں میں کام کی ہدایت

(راؤ دلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ییلو لائن اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے گوجرانوالہ ییلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبے کو مارچ 2027 تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے واضح ہدایت کی کہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی مقررہ ٹائم لائن کو کسی صورت آگے نہیں جانے دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے ماس ٹرانزٹ سسٹم پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے دونوں منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور ڈرون فوٹیج کے ذریعے تعمیراتی کاموں کا معائنہ بھی کیا۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 31.5 کلومیٹر طویل گوجرانوالہ ییلو لائن میں مجموعی طور پر 25 اسٹیشن قائم کیے جائیں گے، جن میں دو زیر زمین اسٹیشن بھی شامل ہوں گے، منصوبے کے لیے 12 انڈر پاسز، 35 کلومیٹر سروس لائن اور مختلف مقامات پر سگنل فری یوٹرنز تعمیر کیے جائیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ییلو لائن پر تقریباً ایک تہائی کام تکمیل کے قریب ہے جبکہ منصوبے کی راہ میں حائل یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کا عمل بھی جاری ہے، اب تک 1233 پولز اور 552 ٹرانسفارمرز منتقل کیے جا چکے ہیں، منصوبے کے لیے 15 ہزار فٹ سیوریج، 12 ہزار فٹ واٹر سپلائی اور 11 ہزار فٹ گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:نئے صوبے پاکستان کے مفاد میں ہیں تو یہ ضرور بننے چاہئیں:طارق فضل چوہدری

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے 62 کلومیٹر طویل ڈرین کی تعمیر کا 40 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

دوسری جانب 20.3 کلومیٹر طویل فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت 11.1 کلومیٹر اوور ہیڈ بریج تعمیر کیے جائیں گے، منصوبے کے لیے اب تک 1835 درختوں کی ری پلانٹیشن کی جا چکی ہے جبکہ 15 کلومیٹر سوئی گیس لائن اور 12 بس اسٹاپ بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ترقیاتی منصوبوں کے دوران ماحولیات کے تحفظ اور ہر ممکن درخت کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے ماس ٹرانزٹ منصوبوں میں تقریباً 5 ہزار درختوں کی ری پلانٹیشن کا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور ضرورت کے مطابق تین شفٹوں میں کام کروانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی،انہوں نے کہا کہ حکومت کو تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا مکمل اندازہ ہے، اس لیے منصوبوں کی جلد اور بروقت تکمیل انتہائی ضروری ہے۔

مزید پڑھیں:بڑی خبر!معروف اداکار گرفتار

مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹس کی ڈیڈ لائن ہر صورت پوری کی جائے اور ٹائم لائن کو کسی بھی صورت آگے نہ بڑھایا جائے، انہوں نے کہا کہ جلد از جلد کام مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو مزید تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں