(احمد منصور)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی جس میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ایران کا ایک روزہ اہم سفارتی دورہ مکمل کر لیا ہے۔
یہ دورہ پاکستان کی ان فعال سفارتی کوششوں کا حصہ ہے جو خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور جاری امریکہ ایران تنازع میں جاری تعطل کو توڑنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس اعلیٰ سطح دورے کا بنیادی مقصد خطے میں پائیدار امن کا قیام، مزید کشیدگی کو روکنا اور عدم استحکام کے مستقل خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کرنا تھا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی کی اعلیٰ ترین سول و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں،انہوں نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی جس میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
علاوہ ازیں فیلڈ مارشل نے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں سپریم لیڈر کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں خطے میں مزید کشیدگی روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات پر جامع بات چیت کی گئی،اعلیٰ سطح مذاکرات میں عالمی تجارت اور علاقائی معاشی استحکام کی ضامن ‘آبنائے ہرمز’ کو تمام بحری آمدورفت کے لیے دوبارہ کھولنے اور موجودہ تنازع کے فوری خاتمے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ دونوں جانبین نے علاقائی امن کے قیام اور تمام تنازعات کو ڈائیلاگ اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی قیادت نے خطے میں کشیدگی میں کمی، مذاکرات کی بحالی اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی مخلصانہ اور تعمیری کوششوں کی شدید تعریف کی اور سفارتی سطح پر پاکستان کے اس کردار کو سراہا۔
قبل ازیں، تہران پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ ایرانی سول و عسکری حکام نے پرجوش استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی انٹرنیشنل میری ٹائم سیکرٹری جنرل سے ملاقات






