2

بجلی کی طلب میں اضافے اور فنی خرابیوں کے باعث لوڈشیڈنگ جاری

(24 نیوز)ملک بھر میں بجلی کی طلب میں اضافے اور مختلف فنی وجوہات کے باعث کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

 شدید گرمی میں طویل دورانیے کی بجلی بندش نے عوام کی پریشانی مزید بڑھا دی ہے، جبکہ کئی علاقوں میں ٹرانسفارمرز کی خرابی اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔

دوسری طرف  لاہور میں پاک ٹاؤن شنگھائی روڈ کے علاقے میں بجلی کی طویل بندش نے اہل علاقہ کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

 علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ تقریباً 12 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ بتایا جا رہا ہے کہ علاقے کا ٹرانسفارمر خراب ہو گیا ہے، جس کے باعث شدید گرمی میں شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کے باعث گھریلو معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ بچے، بزرگ اور خواتین خصوصاً شدید گرمی میں اذیت کا شکار ہیں۔

 بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی فراہمی سمیت دیگر ضروری امور بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:پنجاب پولیس کیلئےباڈی کیمروں اور پینک بٹنز کی تعداد بڑھانے کی منظوری

شہریوں کے مطابق انہوں نے مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ ہیلپ لائن پر متعدد بار رابطہ کیا، تاہم کال کرنے پر انہیں مسئلہ جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروا کر فون بند کر دیا جاتا ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بار بار شکایات درج کروانے کے باوجود تاحال کوئی ٹیم ٹرانسفارمر کی مرمت یا بجلی کی بحالی کے لیے موقع پر نہیں پہنچی۔

مکینوں نے متعلقہ بجلی کمپنی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خراب ٹرانسفارمر کی مرمت یا تبدیلی کے لیے ٹیم روانہ کی جائے۔

علاقے میں بجلی کی فراہمی جلد از جلد بحال کی جائے، تاکہ شہریوں کو شدید گرمی اور مسلسل پریشانی سے نجات مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں