
( علی رامے)پنجاب حکومت نے عالمی بینک سے 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض لینے کا فیصلہ کرلیا۔
عالمی بینک سے 9 ارب 90 کروڑ 92 لاکھ روپے کا قرض کیش لیس معیشت کے فروغ پر خرچ کیا جائے گا،حکام کے مطابق منصوبے کا مقصد مالیاتی لین دین میں شفافیت اور نگرانی کا نظام بہتر بنانا ہے،کیش لیس نظام سے نقد لین دین اور مالی بے ضابطگیوں کے امکانات کم کرنے میں مدد ملے گی،ڈیجیٹل نظام کے ذریعے محصولات کی وصولی کا ریکارڈ زیادہ مؤثر اور قابلِ نگرانی بنایا جائے گا۔
عالمی بینک کے تعاون سے پنجاب کے مالیاتی اور ریونیو نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا،منصوبے کے متعلقہ حصے کے لیے 9 ارب 90 کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:نواز شریف نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزد کردیا
منصوبے کے تحت پنجاب حکومت کی محصولات وصول کرنے کی صلاحیت بڑھائی جائے گی،ٹیکسوں اور دیگر سرکاری واجبات کی وصولی کے نظام کو جدید اور ڈیجیٹل بنایا جائے گا،شہریوں کو سرکاری فیسوں، ٹیکسوں اور دیگر واجبات کی کیش لیس ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے سرکاری محصولات کی وصولی میں اضافہ کیا جائے گا۔






