
(24نیوز) جنوبی وزیرستان اپر میں واقع مکین بازار میں آئی ای ڈی دھماکے میں امن کمیٹی کا ایک رکن جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں امن کمیٹی کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔ ایک اور اطلاع کے مطابق باجوڑ میں بھی دھماکا ہوا جس میں دو بچے زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی وزیرستان کے مکین بازار میں موٹر سائیکل میں نصب آئی ای ڈی کے دھماکے میں مقامی امن کمیٹی کے ایک رکن عنایت اللہ جاں بحق ہو گئے۔ اس دھماکے میں 8 افراد زخمی بھی ہوگئے۔ زخمیوں میں امن کمیٹی کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔
مقامی پولیس حکام نے بتایا کہ یہ موٹر سائیکل بم دھماکہ جمعہ کے روز صبح تقریباً 10:45 بجے مکین بازار میں ہوا۔ اس دھماکے کے سبب کئی د دکانوں اور سامان کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے رزمک ہسپتال لے جایا گیا۔
اس بم حملے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے متعلقہ اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر چھان بین شروع کر دی ہے۔ جبکہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا رہا ہے۔
باجوڑ میں دھماکہ، دو بچے زخمی
اسی دوران باجوڑ کی تحصیل واڑہ ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ خوڑ میں بم دھماکے سے 2 بچے زخمی ہو گئے۔
مقامی پولیس کے مطابق زخمیوں میں ابوذر ولد ضیاء الرحمن اور جراح ولد سراج الدین شامل ہیں۔ زخمی دونوں بچوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال خار منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: 49 مسافرہنوز لاپتہ؛ پی کے چار سو چار کوزمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا؟






