
(بابر شہزاد تُرک)وفاقی وزارتِ صحت نے پمز سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں میں جامع فائر سیفٹی آڈٹ کرانےکا حکم دے دیا ہے۔
وزارتِ صحت کے زیرِ انتظام تمام ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا،ہسپتالوں میں فائر ڈیٹیکشن، الارم سسٹم اور فائر فائٹنگ آلات کی جانچ کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایمرجنسی راستوں اور ایگزٹ روٹس کی دستیابی بھی فائر سیفٹی آڈٹ کا حصہ ہو گی،بجلی اور دیگر ممکنہ آتشزدگی کے خطرات کا بھی تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پمز سمیت تمام ہسپتالوں کو فوری طور پر فائر سیفٹی آڈٹ شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ انسانی جان یا املاک کیلئے خطرے کی باعث خامیاں فوری دور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تمام ہسپتال آڈٹ شروع ہونے، متعلقہ کمپنی اور تکمیل کی متوقع تاریخ سے وزارتِ صحت کو آگاہ کریں گے، اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو سرکاری و نجی ہسپتالوں میں فائر سیفٹی آڈٹ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آئی ایچ آر اے سرکاری و نجی طبی اداروں میں فائر سیفٹی آڈٹ کی تصدیق کرے گا، فائر سیفٹی آڈٹ کی تعمیل سے متعلق جامع رپورٹ وزارتِ قومی صحت کو جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزارتِ صحت نے فائر سیفٹی معاملے کو ترجیح دیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے، فائر سیفٹی آڈٹ احکامات پمز، پولی کلینک، ایف جی ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال لاہور کو جاری کیے گئے ہیں۔
سی ای او، اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی، ڈی ایچ او اسلام آباد کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں ، ڈائریکٹر نرم اور ڈائریکٹر بی ایچ ایس پی کراچی کو بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں :بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب






