
(عیسیٰ ترین)بلوچستان اسمبلی نے تیزاب گردی کی روک تھام سے متعلق قرارداد منظورکرلی۔
بلوچستان اسمبلی کا جاری اجلاس کے دوران ویمن پارلیمانی کاکس کی جانب سے رکن اسمبلی شاہدہ روف نے صوبے میں تیزاب گردی سے متعلق قانون میں ضروری ترمیم کے لیے ایک قرارداد ایوان میں پیش کی۔
قرارداد میں ڈاکٹر ماہ نور کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی شدید مذمت کی گئی اور مستقبل میں تیزاب گردی کی روک تھام کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
بحث کے دوران رکن اسمبلی علی مدد جتک نے کہا کہ خواتین اراکین اسمبلی نے اسماجتک کے واقعہ پر بات تک نہیں کی ہے، اسی معاملے پر اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری نے مؤقف اپنایا کہ خواتین اراکین کی جانب سے اسماجتک کے حوالے سے بات نہ کرنے پر میں قرارداد کی حمایت نہیں کروں گا،اس پر رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا کہ یہ قرارداد تیزاب گردی کے حوالے سے ہے، اس پر سیاست نہ کریں،فرح عظیم شاہ کے ریمارکس پر مرد اور خواتین اراکین میں تکرار ہوئی اور کئی اراکین اسمبلی ایک ساتھ بولنے لگے۔
صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے شاہدہ روف نے کہا کہ ہم سب اسماجتک کے ساتھ تھے اور ہیں جس پر تمام خواتین اراکین اسماجتک کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کھڑی ہوگئیں۔
ہنگامہ آرائی اور بحث کے بعد بلوچستان اسمبلی نے تیزاب گردی کی روک تھام کے لیے نئے تقاضوں سے ہم آہنگ قانون سازی سے متعلق قرارداد منظور کرلی۔
یہ بھی پڑھیں : دفاتر کی ہفتہ وار چھٹیوں کا شیڈول تبدیل! تمام سرکاری اداروں میں جمعہ ورکنگ ڈے قرار






