8

امریکا کے ایران پر مسلسل چوتھے روز حملے،تہران کا بڑا وار، بحرین، کویت اور اردن میں امریکی تنصیبات نشانہ

(24نیوز)امریکا نے ایران پر مسلسل چوتھے روز بھی فضائی اور بحری حملے جاری رکھے، جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بحرین، کویت اور اردن میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی۔

امریکی فوج کی جانب سے ایرانی دفاعی نظام، میزائل اور ڈرون تنصیبات سمیت آبنائے ہرمز اور ساحلی علاقوں میں درجنوں عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس، جزیرہ کیش، قشم، حاجی آباد، چابہار، بمپور اور صوبہ ہرمزگان کے شہر سیریک کے قریب دھماکے اور گولے گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جبکہ آبنائے ہرمز میں بھی جھڑپوں اور فائرنگ کے تبادلے کی خبریں سامنے آئیں۔

امریکی سینٹرل کمان (سینٹکام) کے مطابق سات گھنٹے طویل کارروائی میں لڑاکا طیاروں، ڈرونز اور بحری جہازوں نے حصہ لیا اور متعدد ایرانی عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس، کویت میں علی السالم ایئر بیس اور اردن کے شہر الازرق میں امریکی تنصیبات کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی سینیٹ :ایران پالیسی پر اختلاف، ڈیموکریٹس نے سالانہ دفاعی بل پر بحث رکوا دی

ایرانی بیان کے مطابق بحرین میں امریکی بحری جہازوں اور طیاروں کے لیے اسلحہ اور پرزے ذخیرہ کرنے والے کئی گودام تباہ ہوئے، جبکہ کویت میں ایم کیو-9 ڈرونز کے ذخیرے کو بھی نقصان پہنچا، ایران نے خلیج میں موجود ایک امریکی بحری جہاز پر کروز میزائل داغنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی جارحیت کا جواب اس وقت تک جاری رہے گا جب تک امریکا اپنی کارروائیاں بند نہیں کرتا اور اگر حملے دوبارہ کیے گئے تو ایران پہلے سے زیادہ سخت اور حیران کن جواب دے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں