جعفرآباد۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ ریونیو کے افسران، تحصیل داران اور عملہ مال نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تحصیل داران اور متعلقہ عملے نے سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے اپنی اپنی تحصیلوں کی صورتحال اور پیش رفت سے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے، ضلع جعفرآباد میں خریف سیزن کی گرداوری کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے، لہٰذا اب سرکاری واجبات کی وصولی میں کسی قسم کا عذر یا اعتراض ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے تمام تحصیل داران اور عملہ مال کو سختی سے ہدایت کی کہ زمینداروں سے سرکاری واجبات کی وصولی کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری واجبات کی ادائیگی سے روگردانی کرنے والے زمینداروں کو باقاعدہ سرکاری نوٹسز جاری کیے جائیں اور ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ سرکاری واجبات کی بروقت اور مکمل وصولی کو یقینی بنایا جا سکے۔
1






