2

ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے آخری روز کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

سیوی ؛
ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے آخری روز کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایوننگ ریویو اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی سیوی عبدالحمید، محکمہ صحت، ڈبلیو ایچ او، آئی ایس ڈی، اے کے یو کے افسران و نمائندگان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران، مانیٹرز، یو سی ایم اوز اور ایریا انچارجز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پولیو مہم کے تمام دنوں کی مجموعی کارکردگی، یونین کونسلز کی سطح پر حاصل کردہ اہداف، بچوں کی ویکسینیشن کوریج اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر یو سی ایم اوز نے اپنی اپنی یونین کونسلز کی تازہ ترین پیش رفت اور ویکسینیشن ڈیٹا کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی نے مہم کے دوران پولیو ٹیموں، ویکسینیٹرز، مانیٹرز اور متعلقہ اداروں کی مجموعی کارکردگی اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیموں نے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دینے کے لیے بھرپور محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے فیلڈ میں کام کرنے والے ویکسینیٹرز اور دیگر عملے کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، تاہم مہم کی کامیابی کے ساتھ ساتھ اعداد و شمار کی درستگی بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے ڈیٹا کی درستگی کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام یو سی ایم اوز اور متعلقہ افسران آج شام تک اپنے اپنے علاقوں کا مکمل ڈیٹا دوبارہ چیک کرکے اس کی درستگی یقینی بنائیں اور تصدیق شدہ اعداد و شمار بروقت ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کیے جائیں۔ کسی بھی قسم کی غلط رپورٹنگ، نامکمل معلومات یا اعداد و شمار میں تضاد کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ مہم کے دوران رہ جانے والے بچوں، زیرو ڈوز اور مسڈ چلڈرن کے ریکارڈ کی بھی مکمل جانچ پڑتال کی جائے تاکہ حقیقی کوریج اور رپورٹ شدہ ڈیٹا میں یکسانیت برقرار رہے۔ انہوں نے محکمہ صحت، ڈبلیو ایچ او، آئی ایس ڈی، اے کے یو اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران پر زور دیا کہ مہم کے بعد بھی پولیو کے خاتمے کے لیے نگرانی اور رابطہ کاری کا عمل جاری رکھا جائے۔اجلاس میں ایس ایس پی سیوی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے تعاون کو بھی اہم قرار دیا گیا اور پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی انتظامات اور ٹیموں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے حوالے سے مشترکہ کاوشوں کو سراہا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں