3

محکمہ بلدیات و دیہی ترقی بلوچستان میں تعارفی اجلاس، عوامی مسائل کے فوری حل اور دفتری امور کی بروقت انجام دہی یقینی بنانے کی ہدایت

محکمہ بلدیات و دیہی ترقی بلوچستان میں تعارفی اجلاس، عوامی مسائل کے فوری حل اور دفتری امور کی بروقت انجام دہی یقینی بنانے کی ہدایت

محکمہ بلدیات و دیہی ترقی، حکومتِ بلوچستان کے ایڈیشنل سیکرٹری منیر احمد مسیانی کی زیرِ صدارت محکمہ کے افسران اور عملے کا ایک تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی سیکرٹری (ڈویلپمنٹ)، تمام سیکشن آفیسرز اور دیگر متعلقہ عملے نے شرکت کی۔جلاس کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری منیر احمد مسیانی نے محکمہ کے مختلف انتظامی و دفتری امور، درپیش مسائل، کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی بلدیاتی خدمات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کی کارکردگی میں بہتری، دفتری امور کو مؤثر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں کسی بھی سطح پر غفلت، غیر ذمہ داری یا غیر ضروری تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے افسران اور عملے پر زور دیا کہ عوامی مفاد اور پبلک سروس ڈلیوری کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور سرکاری ذمہ داریوں کو پیشہ ورانہ صلاحیت، دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مفاد سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں، شکایات اور سرکاری امور کو غیر ضروری طور پر زیرِ التواء رکھنے کے بجائے حتی الامکان اسی روز نمٹانے کی کوشش کی جائے، جبکہ کسی ناگزیر وجہ سے اسی روز کارروائی مکمل کرنا ممکن نہ ہو تو اسے اگلے یومِ کار تک لازماً مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں ایڈیشنل سیکرٹری نے مزید کہا کہ سرکاری دفاتر عوام کو سہولیات فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے قائم کیے گئے ہیں، لہٰذا افسران اور ملازمین عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، تعاون اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں۔ دفتری معاملات میں شفافیت، نظم و ضبط، باہمی رابطہ کاری اور وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو سرکاری امور کی انجام دہی میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محکمہ کے تمام شعبے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں، اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو بروقت پورا کریں اور محکمانہ امور میں بہتری کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت فیصلے، مؤثر انتظامی نگرانی اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کسی بھی ادارے کی کامیابی اور عوامی اعتماد کے فروغ میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل سیکرٹری منیر احمد مسیانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے، عوامی خدمات کے معیار کو بلند کرنے اور سرکاری امور کی بروقت انجام دہی کے لیے تمام افسران اور عملے کو اپنی ذمہ داریاں پوری لگن اور خلوص کے ساتھ ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت اور محکمانہ بہتری کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں