5

کوئٹہ پولیس کی سال 2026 کی نمایاں کارکردگی، 54 جرائم پیشہ گینگز بے نقاب، 211 ملزمان گرفتار

کوئٹہ پولیس کی سال 2026 کی نمایاں کارکردگی، 54 جرائم پیشہ گینگز بے نقاب، 211 ملزمان گرفتار

قتل، ڈکیتی، اغواء برائے تاوان اور منشیات کے خلاف بڑی کارروائیاں، کروڑوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد

کوئٹہ: کوئٹہ پولیس نے سال 2026 کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 54 جرائم پیشہ گینگز بے نقاب اور 211 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ قتل، مسلح ڈکیتی، رہزنی، اغواء برائے تاوان، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری سمیت مختلف جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں۔

کوئٹہ پولیس کے سیریس کرائم انویسٹیگیشن ونگ (SCIW) نے مسلح ڈکیتی اور رہزنی کے متعدد مقدمات میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے گھریلو ڈکیتیوں میں ملوث سرف گاڑی استعمال کرنے والے منظم گینگ کے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان خود کو سی ٹی ڈی پولیس اور حساس اداروں کے اہلکار ظاہر کرکے گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 7 لاکھ روپے نقدی، لیپ ٹاپ، موبائل فونز، دو لائسنس یافتہ پستول اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔

اسی طرح بینکوں کے باہر شہریوں کی ریکی کرکے نقدی چھیننے والے گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار اور 15 لاکھ روپے برآمد کیے گئے۔ شالکوٹ ڈکیتی کیس میں چار ملزمان گرفتار کرکے 2 لاکھ 25 ہزار روپے نقدی، دو ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی، جبکہ ڈکیتی کے مزید چار مقدمات میں بھی گرفتاریاں اور مال مسروقہ کی برآمدگی عمل میں لائی گئی۔

قتل کے سنگین مقدمات میں SCIW کوئٹہ نے گزشتہ تین ماہ کے دوران 40 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ہاشم نورزئی قتل کیس میں مرکزی مفرور ملزم سعد اللہ نورزئی سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کرکے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی، رائفل، پستول اور جعلی نمبر پلیٹس برآمد کی گئیں۔ پانچ سالہ بچے علی شاہ کی بوری بند لاش کے کیس میں جدید سائنسی اور تکنیکی شواہد کی مدد سے خاتون ملزمہ کو گرفتار کیا گیا۔ قتل کے مقدمات میں کارروائیوں کے دوران سات پستول، دو رائفلیں اور ایک کلاشنکوف بھی برآمد کی گئی۔

اغواء برائے تاوان کے مقدمات میں پولیس نے شہری نذیر احمد کو تین روز کے اندر بحفاظت بازیاب کرالیا، جبکہ جدید تکنیکی شواہد کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے مغوی شیر عالم کو بھی بحفاظت بازیاب کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری و چھیننے کی وارداتوں کے خلاف کارروائیوں میں بین الصوبائی گاڑی چور گینگ کے تین ملزمان گرفتار کرکے تین گاڑیاں، ایک موٹر سائیکل، پانچ ٹریکر اور دیگر آلات برآمد کیے گئے۔ ملزمان کی نشاندہی پر اسلام آباد پولیس کے تعاون سے ایک مزید چوری شدہ گاڑی بھی برآمد کرائی گئی۔ کوئٹہ پولیس نے رواں سال 29 چوری شدہ اور سات چھینی گئی گاڑیاں، شہریوں سے چھینی گئی 179 اور چوری شدہ 160 موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔

منشیات فروشوں کے خلاف مہم کے دوران رواں سال 452 مقدمات درج کرکے 467 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں میں 1236.23 کلوگرام چرس، 32.17 کلوگرام آئس، 13.2 کلوگرام افیون، شراب کی 329 بوتلیں اور بیئر کے 383 کین برآمد کیے گئے۔ نیو کچلاک پولیس نے گاڑیوں کے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر 55 کلوگرام چرس برآمد کرکے متعدد ملزمان کو گرفتار کیا۔

جرائم پیشہ عناصر سے اسلحہ کی برآمدگی کے سلسلے میں کوئٹہ پولیس نے رواں سال 604 پستول، 51 رائفلیں، 33 ایس ایم جی، 28 شارٹ گنز اور 14 ہزار 116 کارتوس برآمد کیے۔

دیگر کارروائیوں میں نابالغ بچوں کو مبینہ طور پر بلیک میل اور جنسی استحصال کا نشانہ بنانے والے تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اے ٹی ایم فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث تین ملزمان کی گرفتاری کے دوران 45 اے ٹی ایم کارڈز، پانچ لاکھ روپے نقدی، تین موبائل فونز اور ایک گاڑی برآمد کی گئی۔

کوئٹہ پولیس نے نان کسٹم پیڈ (NCP) گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں میں رواں سال 137 مختلف گاڑیاں بھی قبضہ پولیس میں لے لیں۔

پولیس حکام کے مطابق جرائم کی روک تھام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں