کھاد ڈیلرز کو کاروباری دستاویزات مکمل کرنے کے لیے دو دن کی مہلت، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا فیصلہ
تربت۔ اسسٹنٹ کمشنر تربت کی زیرِ صدارت کھاد (فرٹیلائزر) ڈیلرز اور تاجر برادری کے نمائندوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام کھاد ڈیلرز کو اپنی کاروباری رجسٹریشن، لائسنس، خرید و فروخت کا ریکارڈ، اسٹاک رجسٹر اور نرخ نامہ سمیت دیگر ضروری دستاویزات دو دن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں جنرل سیکرٹری انجمن تاجران تربت کریم بخش، عیسیٰ ٹریڈرز کے نمائندے، محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض اور ایگریکلچر آفیسر طارق سمیت ایک رجسٹرڈ اور تین غیر رجسٹرڈ ڈیلرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں غیر حاضر ڈیلرز کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ مقررہ مدت کے اندر تمام قانونی تقاضے پورے کریں۔ اس سلسلے میں آئندہ اجلاس 5 نومبر بروز جمعرات صبح 11:30 بجے اسسٹنٹ کمشنر تربت کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے، جس میں تمام ڈیلرز کو مکمل دستاویزات کے ہمراہ شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ غیر رجسٹرڈ کاروبار، کھاد کی غیر قانونی خرید و فروخت، ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ، ناجائز منافع خوری اور سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر کھاد فروخت کرنے والوں کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔






