2

فیصل آباد کی کیمیکل فیکٹری میں آگ بھڑک اُٹھی 2 ورکر زخمی

(علی بھٹہ)فیصل آباد کے علاقے چک جھمرہ میں واقع ایف آئی ڈی ایم سی کی الرحمان کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث دو ورکرز متاثر ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق فیکٹری میں زائلین کیمیکل کے ڈرموں میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی فائر فائٹنگ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک کنال پر مشتمل کھلے احاطے میں لگی آگ پر قابو پالیا۔

آگ کے نتیجے میں پھیلنے والے کیمیائی دھوئیں سے 22 سالہ ارمان اور 35 سالہ عدیل متاثر ہوئے، جنہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔ ریسکیو اہلکاروں نے دونوں ورکرز کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو اسپتال چک جھمرہ منتقل کردیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

فیکٹری کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق کیمیکل ڈرموں کے قریب سے گزرنے والی بجلی کی تاروں میں ممکنہ شارٹ سرکٹ آگ لگنے کی وجہ ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کوئٹہ میں 7 سے 9 نومبر تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں