ڈپٹی کمشنر دکی کی زیرِ صدارت مائنز امور، حفاظتی انتظامات سے متعلق اجلاس
دکی: ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی زیرِ صدارت مائنز سے متعلق امور، کان کنوں کی حفاظت اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی دکی محمد یونس رضا، اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم حریفال اور مائنز انسپکٹر غلام قادر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع دکی میں مائنز کی مجموعی صورتحال، کانوں میں حفاظتی اقدامات، مزدوروں کے تحفظ، سیکیورٹی انتظامات اور متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی رابطہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کان کنوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کی نگرانی کی جائے اور مائنز سے متعلق مسائل کے حل کے لیے متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مائنز میں حفاظتی ضوابط کی پابندی اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔






