بلوچستان کے اہم طبی اداروں میں میرٹ کی بدترین پامالی؛ BICVD اور ٹراما سینٹر میں اقربا پروری، غیر شفاف بھرتیاں اور اہل امیدواروں کے حقوق کی کھلی پامالی ناقابلِ قبول ہے ـ ترجمان
کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان، بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیوویسکولر ڈیزیز (BICVD) اور ٹراما سینٹر کوئٹہ میں میرٹ کی جس بے دردی سے پامالی کی جارہی ہے، وہ بلوچستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتی ہے۔ اہل امیدواروں کی قابلیت، محنت اور حق کو نظرانداز کرکے مخصوص افراد کو نوازنا نہ صرف میرٹ کا قتل بلکہ انصاف کے اصولوں کی کھلی توہین ہے۔
مخصوص افراد کو خفیہ طور پر بلا کر صرف زبانی مبارک باد دینا، جبکہ متعلقہ امیدواروں کو تاحال کوئی باضابطہ دستاویز فراہم نہ کرنا، بھرتیوں کے پورے عمل کو مشکوک بناتا ہے۔ اگر بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں تو مکمل میرٹ لسٹ، امیدواروں کے نمبرز اور نتائج عوام کے سامنے لانے میں کیا رکاوٹ ہے؟ میرٹ کے دعوے کرنے والے اپنی بھرتیوں کی حقیقت عوام سے کیوں چھپا رہے ہیں؟
میرٹ کے نام پر بلند و بانگ نعرے لگانا اور عملی طور پر سفارش، اقربا پروری اور پسند و ناپسند کے ذریعے اہل امیدواروں کے حقوق چھیننا بدترین منافقت ہے۔ یہ طرزِ عمل قابلیت کی توہین، نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ اور عوامی اداروں کی تباہی کا راستہ ہے۔
یہ ادارے بلوچستان کے عوام کے ٹیکسوں سے قائم ہوئے ہیں، کسی فرد یا مخصوص گروہ کی ذاتی جاگیر نہیں۔ عوامی وسائل سے قائم اداروں کو نااہلی، مبینہ کرپشن اور من پسند بھرتیوں کی بھینٹ چڑھانا عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔ محکمہ صحت کی خاموشی اور ذمہ دار حکام کی عدم جواب دہی مزید ناقابلِ قبول ہے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان مطالبہ کرتی ہے کہ BICVD اور ٹراما سینٹر کی مکمل میرٹ لسٹ، امیدواروں کے نمبرز، نتائج اور بھرتیوں کا تمام متعلقہ ریکارڈ فوری طور پر عوام کے سامنے لایا جائے۔ میرٹ کی پامالی میں ملوث ذمہ داران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور اہل امیدواروں کے حقوق بحال کیے جائیں۔
ہم واضح کرتے ہیں کہ میرٹ کے قتل، سفارش اور اقربا پروری کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ڈاکٹر برادری کے حقوق، اہل امیدواروں کے مستقبل اور عوامی اداروں کے تحفظ کے لیے ہر آئینی و قانونی راستہ اختیار کرے گی۔






