1

سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ: جنوبی کوریا کے ہاتھوں شکست، پاکستان تیسری پوزیشن بھی گنوا بیٹھا

(24 نیوز) ملائیشیا میں جاری 32 ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ 2026 میں پاکستان ہاکی ٹیم کانسی کا تمغہ حاصل کرنے میں ناکام رہی اور تیسری پوزیشن کے فیصلہ کن میچ میں جنوبی کوریا کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کھا کر ایونٹ میں چوتھے نمبر پر رہی۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے اس میچ کے ابتدائی دو کوارٹرز میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا اور کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

 تاہم کھیل کے تیسرے کوارٹر میں جنوبی کوریا نے جارحانہ حکمتِ عملی اپنائی اور 35 ویں منٹ میں پہلا گول داغ کر برتری حاصل کر لی۔ ابھی قومی ٹیم اس دباؤ سے سنبھل بھی نہ پائی تھی کہ 44 ویں منٹ میں کورین کھلاڑیوں نے دوسرا گول کر کے اسکور 0-2 کر دیا۔

آخری اور چوتھے کوارٹر کے آغاز میں ہی، 47 ویں منٹ میں جنوبی کوریا نے تیسرا گول اسکور کر کے اپنی فتح پر مہر ثبت کر دی۔ پاکستانی فارورڈز نے خسارہ کم کرنے کے لیے متعدد حملے کیے، لیکن کورین دفاع کو توڑنے میں ناکام رہے اور میچ کے اختتام تک کوئی گول نہ کر سکے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ اس سے قبل ایونٹ کے لیگ مرحلے میں گرین شرٹس نے جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دی تھی، تاہم اہم میچ میں قومی ٹیم اپنی وہ کارکردگی دہرانے میں ناکام رہی۔

چھ ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے مجموعی طور پر پانچ میچز کھیلے، جن میں سے دو میں کامیابی حاصل کی، دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ برابر رہا۔ دوسری جانب ٹورنامنٹ کا فائنل آج ہی میزبان ملائیشیا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ٰیہ بھی پڑھیں :ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا اعلان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں